News Detail

SSC Annual Result Session 2024
Upload Date: 12 - July - 2024


اسلام آباد(پریس ریلیز) فیڈرل بورڈ آف انٹر میڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن اسلام آباد نے سال 2024 جماعت نویں اور دسویں کے سالانہ امتحانات کے نتائج کا اعلان کردیا ۔ فیڈرل کی جانب سے جاری کردہ نتائج کے مطابق نویں جماعت میں پاس ہونے والے طلباء کا تناسب %61.78 جبکہ جماعت دسویں میں پاسنگ پرسنٹیج %92.29 رہی ہے۔ وفاقی تعلیمی بورڈ کی جانب سے جاری کردہ نتائج کے مطابق میٹرک کے سائنس گروپ میں آرمی پبلک سکول ای ایم ای کالج کیمپس پشاور روڈ راولپنڈی سے تعلق رکھنے والی زبیدا نصیب نے 1087 نمبر لے کر پہلی پوزیشن حاصل کی ۔ گلوبل سکول سسٹم 115 رینج روڈ سبزار راولپنڈی کینٹ سے حجاب فاطمہ نے 1085 نمبر لے کر دوسری ، آرمی پبلک سکول گولڑہ کیمپ راولپنڈی کینٹ سے مصدق شہباز نے 1084 اور فوجی فاؤنڈیشن ماڈل سکول مورگاہ کیمپس صفا ٹاؤن راولپنڈی سے فاطمہ واجد نے بھی 1084 نمبر لے کر تیسری پوزیشن حاصل کی ۔ اسی طرح ہیومنٹی گروپ میں فیچر فاؤنڈیشن سکول مصریال روڈ راولپنڈی کینٹ سے تعلق رکھنے والی اقصی فاروق نے 1032 نمبر لے کر پہلی ، ڈی ایچ اے سنیئر سکول برائے خواتین ڈی ایچ اے لاہور سے اونایزہ جلیل نے 1025 نمبر حاصل کر کے دوسری ، انسٹیٹیوٹ آف اسلامک سائنس سترا میل اسلام آباد سے محمد انس نے 1014 نمبر لے کر تیسری پوزیشن حاصل کی ۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین وفاقی تعلیمی بورڈ سید جنید اخلاق نے وفاقی سیکرٹری تعلیم کو امتحانی نظام کے بارے میں بریف کیا اور پوزیشن حاصل کرنے والے بچوں کو مبارکباد پیش کی اس موقع پر مہمان خصوصی وفاقی سیکرٹری تعلیم محی الدین احمد وانی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مجھے خوشی ہے کہ بطور سیکرٹری تعلیم ذمہ داریاں نبھانے کا موقع ملا ہے ۔ یہ ہماری کامیابی ہے کہ آج دنیا بھر میں پاکستانی ہونہار بچے اپنا مقام رکھتے ہیں۔ انہوں مزید کہا کہ ہم سرکاری سکولوں میں تعلیم کے معیار کو بہتر بنانے کیلئے کوشاں ہیں۔ میں کامیاب ہونے والے ہونہار طلباء کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ آخر میں وفاقی سیکرٹری تعلیم محی الدین احمد وانی، چیئرمین فیڈرل بورڈ سید جنید اخلاق اور سیکرٹری فیڈرل بورڈ ڈاکٹر بشیر خان نے پوزیشن حاصل کرنے والے بچوں میں انعامات تقسیم کیے۔